اسی نمبرایک لاکھ میں، NTS کا ڈبل شاہ آگیا جی…

پچھلے ایک دو ہفتوں سے این ٹی ایس کے پیپرز کے لیک ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں. ایس ایس ٹی جنرل میں میرے 77 نمبر ہیں اور ڈی ایم میں 74، جبکہ ابھی پی ایس ٹی اور سی ٹی کے پیپرز ہونا باقی ہیں. ایس ایس ٹی جنرل میں مجھے مزید 23نمبروں کی ضرورت ہے اور اس کے لئے میں رائج ریٹ سے ڈبل دینے کو تیار ہوں. جو کوئی میرا رابطہ کسی ایجینٹ سے کرا سکتا ہے ان کیلئے میرے دل اور جیب کے دروازے کھلے ہیں. اس کے علاوہ پبلک سروس کمیشن میں 16 اور 17گریڈ کی مختلف پوسٹوں کیلئے بھی ایپلائی کیا ہے اگر وہاں کسی کی چلتی ہو تو مجھ سے برائے مہربانی ضرور رابطہ کیجئے گا کہ اب اور ایج ہونے کے قریب ہوں.
ویسے کبھی کسی سے آپ ملے بھی ہیں جس نے خود پیسے دئیے ہوں اور بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہوں؟ یا یہ افواہیں ویسے ہی چڑیل اور بھوتوں کی کہانیوں کی طرح ہے جس کا بنیادی مقصد علاقے کے لوگوں کو ڈرانا ہوتا ہے کہ لوگ ان مخصوص اوقات میں اس مخصوص جگہ پر جانے کی جرت نہ کریں اور پھر اس وقت مخصوص لوگ اس جگہ کوئی دھندہ کرنا چاہیں یا پیار محبت.
صوبائی حکومت پچھلے کچھ سالوں سے این ٹی ایس کے ذریعے لوگوں کو روزگار مہیا کر رہی ہے اور ٹیچنگ تو وہ شعبہ ہے جس میں پچھلی حکومتوں میں سیاسی لوگوں کی خوب چلتی تھی بلکہ ان کے کوٹے ہوتے تھے. ٹیلینٹ کا بیڑہ غرق کیا گیا تھا. کہیں ایسا تو نہیں کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہو؟ میں یہ نہیں کہتا کہ پیپر آوٹ نہیں ہوئے ہونگے لیکن اتنے بڑے پیمانے پر یہ ممکن نہیں.
ایک لاکھ میں 80 ابجیکٹیو ملنے کی باتیں سر عام ہو رہی ہیں اور کوئی پکڑا بھی نہیں جا رہا. سیاسی لوگوں نے تو بورڈز امتحان کا بھی تماشا بنا رکھا ہے. ایسے ایسے سٹوڈنٹس کے مارکس آ جاتے ہیں جو پہلے دو چیپٹر میں پاس نہیں ہو سکتے. اب اگر این ٹی ایس کی بھی یہی حالت ہے پھر تو پی ٹی آئی کی حکومت پر لخ لعنت.
لیکن لعنت بھجنے سے پہلے ایک بار سوچا جائے کہ جو لوگ عمران خان کے خلاف کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے وہ ثبوت لیکر عدالت کیوں نہیں جاتے؟ کچھ لوگوں نے دھمکی تو دی تھی کہ وہ بائیو کمسٹری کے پیپر آوٹ ہونے کے خلاف عدالت جائیں گے لیکن ابھی ایسا کچھ سننے میں آیا نہیں ہے کہ وہ عدالت گئے ہیں کہ نہیں.
اگر یاد ہو تو ڈبل شاہ نے بنوں کے بہت سے لوگوں کو الو بنایا تھا اور جن کے ذریعے بنایا تھا وہ بھی سب کو پتہ ہے. کہیں اب کی بار بھی ایسا تو نہیں کہ کوئی نیا ڈبل شاہ میدان میں کود پڑا ہے اور میرے جیسے لوگوں کے جیب پر ہاتھ صاف کر رہا ہے؟ اس ڈبل شاہ کا طریقہ واردات تھوڑا مختلف ہے. پیسہ بھی کماو اور سیاسی پارٹی کو بدنام بھی کرو.
یہ عادت ہماری کب ختم ہوگی کہ جھوٹ پر ہم فوراََ یقین کر لیتے ہیں. مانا کہ پاکستانی سسٹم میں خرابیاں ہیں لیکن ذہنی خرابی سسٹم کی نہیں ہماری اپنی ہے. ڈبل شاہ نے لالچی لوگوں کی جیبیں خالی کی تھی. اور اب بھی لالچی لوگ ہی نشانہ بنیں گے. ڈبل شاہ کے متاثرین تو معلوم ہو گئے تھے لیکن این ٹی ایس کے ڈبل شاہ کا لوٹا ہوا کوئی سامنے نہیں آیا. مطلب یا تو یہ افواہ ہے اور یا پھر بات پکی ہے. پیسے دو اور اسی نمبر لو.
یہ تہماری عقل کا امتحان ہے. بیوقوف نہ بنیں . محنت کریں اور ٹیسٹ دیں. یہ کیسی بات ہے کہ 80 ابجیکٹیو کی ڈیل ہو رہی ہے. 100کیوں نہیں؟ میرٹ لسٹ کا انتظار کریں اور پھر دیکھیں کہ کیا واقعی ایسا ہی ہے کہ دو نمبری لوگ ہی سیلیکٹ ہوئے ہیں تو پھر کوئی بات بنتی ہے. لیکن اگر ٹیلینٹڈ لوگ ہی آگے ہیں تو پھر اس جھوٹ کا بھانڈا پھوٹ جائے گا. ایٹا کے ٹیسٹ کے متعلق بھی ایسا ہی مشہور ہوا تھا لیکن وہ لوگ جو بورڈ میں تو سفارش اور رشوت کی بنیاد پر نمبر لیکر آجاتے تھے وہ ایٹا میں ناکام ہو جاتے.
ابھی الیکشن دور ہیں ایسے پروپیگنڈے کچھ مہینوں اور چلیں گے. مفت میں پیسے کمانےوالے لوگ انتہائی چالاک ہوتے ہیں. مستقبل کا لالچ دیکرآپ کو پیسوں سے فارغ کر دیں گے. کل میرا بھی ٹیسٹ ہے. آپ کو سمجھانے کی بجائے مجھے ٹیسٹ کی تیاری کرنی چاہئے. یہ مضمون لکھنے پر پورے تین گھنٹے لگائے ہیں. لیکن مجھے یقین ہے کہ مجھے اس شعور پھیلانے کا اجر ملے گا. ان باتوں کے باوجود اگر آپ کو یقین ہے کہ واقعی کوئی ہے جو آپ کو 80 سے زیادہ نمبر دلا سکتا ہے تو بسم اللہ کیجئے. ظالمانہ سسٹم میں اگر کسی کا کوئی فائدہ ہو سکتا ہے تو مجھے اعتراض کیوں ہوگا. لیکن یہ بات یاد رکھیئے گا کہ رشوت خوروں کے بچے میں نے یا تو جسمانی بیمار دیکھے ہیں یا پھر والدین کیلئے درد سر. /h4>

6 تبصرے “اسی نمبرایک لاکھ میں، NTS کا ڈبل شاہ آگیا جی…

  1. بہت خوب، کم از کم پاکستان میں کوئی تو ھے جس نے اب تک امید کی دامن نہیں چھوڑا ہے زمانہ طالبعلمی میں اس طرح کے افواہوں کا میں خود ویکٹم رہا ھوں یہ افواہیں انسان کو مقابلے کی امتحان میں وقت سے پہلے فارغ کر دیتا ھے اور یقین کریں ان افواہوں کیوجہ سے آدھے لوگ امتحان میں حصہ لینے سے دستبردار ھوجاتے ھیں اور آدھے کا آدھا شکستہ دل کساتھ حصہ تو لے لیتے ہیں مگر ناکامی کی یقین کامل کساتھ، ھم امید کرتے ہیں کہ رزلٹ آنے کے بعد بھی آپ ان افواہوں کے غلط یا صحیح ثابت ھونے سے متعلق ایک بار اپنی قیمتی آراء سے ھمیں نوازیں گے اس لئے کہ آپ کا تعلق ایجوکیشن فیلڈ سے ہیں اور آپ سے بہتر کوئی نہیں جانتا

اپنا تبصرہ بھیجیں