پنجابی حکمرانوں نے صرف پنجاب پر توجہ دی:بنوں کے شہری

بنوں کے شہریوں نے بلوچستان سے سینٹ چیئرمین کے انتخاب کی خوشی میں مظاہرہ کیا ہے۔ میر صادق سنجرانی کا بطور چیئرمین انتخاب پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی کی ضمانت ہے ۔گزشتہ روز مختلف تنظیموں کے رہنماؤ ں نے گزشتہ روز منتخب ہونے والے بلوچستان کے سینٹ چیئرمین میر صادق سنجرانی کی خوشی میں ایک ریلی نکالی جو مختلف بازاروں سے ہو کر بنوں پریس کلب پہنچی جہاں پر ڈھول کی تاپ پر رقص کیا ،خوب بھنگڑے ڈالے ۔شرکاء سے انجینئر عزیز الرحمن ،ضیاء الرحمن ،ممتاز ،بیت اللہ ،وارث احسان اللہ شاہین ،ڈاکٹر خان ،نعیم اداس ،رحم زاہد اور شعیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سینٹ چیئرمین شپ انتخابات میں سینیٹرز نے ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے کہ ایک ایسے صوبے سے تعلق رکھنے والے آزاد اُمیدوار کی حمایت کرکے ایوان بالا کا چیئرمین منتخب کیا ہے جو تعلیم ،صحت اور ہر لحاظ سے پسماندہ رہا ہے۔ اب ان کے انتخابات سے ان تمام پسماندہ علاقوں کے عوام میں اُمید پیدا ہوئی ہے کہ چیئرمین سینٹ بلوچستان سمیت ملک کے تمام پسماندہ ایف آرز اور اضلاع کی تعمیر و ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔بنوں اور اس کے ساتھ ملحقہ علاقہ جات و ایف آرز بھی گزشتہ ادوار میں پسماندہ رکھا گیا ہے۔ پنجاب سے منتخب ہونے والے حکمرانوں نے صرف پنجاب پر ہی توجہ دی ہے لہذا نئے سینیٹ چیئرمین بنوں خصوصاً ملحقہ علاقہ جات ایف آرز پر خصوصی توجہ دیں اور یہاں کے مسائل و مشکلات کے حل اور تعمیر و ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُ ٹھائیں تاکہ برسوں کی پسماندگی اور لوگوں میں پھیلی ہوئی مایوسی کا خاتمہ کیا جا سکے ۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور چیئرمین سینٹ میر صادق سنجرانی کے حق میں نعرے بازی کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں