بنوں: مضرصحت اشیاء تیار کرنے والوں کی خبر انتظامیہ کو دیں،نام صیغہ راز میں

محکمہ فوڈ نے غیر معیاری اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کو لاکھوں روپے جرمانہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ خیبر پختونخوا ریاض محسود کی ہدایت پر سیدٹی فوڈ اینڈ ہیلتھ اتھارٹی بنوں ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ محمد آصف خان نے بنوں میں چھاپہ مار ٹیم سمیت مختلف مقامات پر قائم پیپسی ، سلانٹی ، مٹھائیاں ، غیر معیاری آئس کریم ، جوس تیار کرنے والی فیکٹریاں، مٹھائیاں بنانے والی گوداموں ، بیکریز اور دیگر اشیائے خورد و نوش تیار کرنے والی فیکٹریوں، گوداموں اور فروخت کنندگان پر چھاپے لگائے اور زائد المعیاد ، غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء قبضہ میں لیکر انہیں موقع پر تلف کیا ۔
مختلف دکانداروں کو غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے پر مجموعی طور پر 2 لاکھ پچیس ہزار روپے جرما نہ کیا جو وصول کرکے سرکاری خزانے میں جمع کیا۔ اس موقع پر اُنہوں نے متنبہ کیا کہ حکومت کسی بھی قیمت پر کسی بھی با اثر شخص یا تاجر کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ چھاپہ مار ٹیمیں عنقریب یہ سلسلہ دیہات اور بنوں کے کونے کونے تک بڑھائیں گی اور اس امر کو یقینی بنائے گی کہ عوام کی صحت کیلئے مفید اشیاء فراہم کی جائیں ۔مضر صحت اشیاء ، آئس کریم اور دیگر اشیائے خورد و نوش کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اُنہوں نے تاجروں سے انسانیت کے نام پر اپیل کی کہ عوام کو معیاری اشیا ئے خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ان سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے ایسے انسان دشمن اور موت کے سوداگروں کی نشاندہی کرائیں جو معمولی رقم کی خاطر معصوم بچوں اور دیگر افراد کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں ۔مخبر کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں