بنوں میں سیکولر پارٹیوں کیلئے کوئی جگہ نہیں:دُرانی

وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ بنوں کے چاروں صوبائی اور ایک قومی سیٹ جے یو آئی کی امانت ہے۔ بلدیاتی انتخابات کی طرح عام انتخابات جیت کر دیکھا ئیں گے ۔ یہاں علماء کی حکمرانی ہے کسی بھی سیکولر جماعت کی گنجائش نہیں ۔ہم نے بنوں کیلئے جو کچھ کیا ہے وہ تاریخ کا حصہ ہے ۔مخالفین ہمارے مقابلے میں ایک ڈگری کالج بھی نہ بنا سکے جسکی وجہ سے عوام نے انہیں ہر بار مسترد کردیا ہے اور عام انتخابات میں بوریا بستر گول کرکے بنوں بدر کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مختلف علاقوں میں شمولیتی جلسوں سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ ملک میں انڈیا اور امریکہ کی زبان میں بات کرنے والے سیکولر جماعتوں کو ایم ایم اے کی پلیٹ فارم سے شکست فاش دیں گے اور اُن کو ہمیشہ کیلئے سیاسی منظر نامے سے آؤٹ کردیں گے ۔اُن کا کہنا تھا کہ ملک سے باوقار سیاست کا خاتمہ کرکے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا جارہا ہے۔گندی سیاست کرنے والے عوام کی عدالت سے رسوا ہوں گے اور آخری فتح حق اور سچ کی ہوگی۔ اہل سیاست کو نیب جیسے اداروں کے ذریعے رسوا کرنے کی کوشش کرکے جمہوریت کو نقصان پہنچانے والے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونوخوا میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش اور ان ذخائر سے صوبے کو ملنے والا منافع ایم ایم اے حکومت کا کارنامہ ہے۔ ہم نے اپنے دور اقتدار میں صوبے میں یونیورسٹیوں کی تعداد میں اضافہ کیااور ہسپتالوں کی حالت بہتر بنائی جبکہ تبدیلی کے دعویداروں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ بنوں کے عوام کے حقوق اور یہاں کے ساٹھ سالہ غصب شدہ حقوق پر سودے بازی نہیں کی ۔ہماری سیاست کا مقصد غرور و تکبر اور زبانی اعلانات نہیں بلکہ عملی منصوبہ بندی ہے۔ ہم نے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار میں وفاقی حکومت سے بنوں کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور کئے جس سے بنوں کی تقدیر بد ل گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں