یو این ڈی پی طالبات کے ان ڈور گیمز کیلئے تعاون کرے: وی سی بنوں یونیورسٹی

یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجینئر پیر سید عابد علی شاہ اور ڈائریکٹر اکیڈیمک ڈاکٹر اورنگزیب خان نے کہا ہے کہ دو ر حاضر میں طلبہ میں خود روزگار کے مواقع پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے بنوں یونیورسٹی اس خطہ میں ہر ممکن اقدامات اُٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں یو این ڈی پی کا تعان ناقابل فراموش ہے جن کی بدولت یہاں کے طلبہ مقامی ثقافت کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور مختلف ضائع شدہ اشیاء سے کار آمد اشیاء بناکر اسے مفید بنا رہے ہیں۔ جس سے یہاں پر ہاتھوں سے تیار ہونے والی مصنوعات بھی لوگوں کو دستیاب ہوسکیں گی ۔ہماری خواہش ہے کہ یواین ڈی پی یہاں پر طالبات میں سپورٹس کے حوالے سے تعاون کرے تاکہ یہاں کی طالبات بھی چاردیواری کے اندر مختلف کھیلوں میں حصہ لے سکیں۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے بنوں یونیورسٹی آئی ٹی کیمپس میں یو نائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سلطان محمود اور یو این ڈی پی کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجینئر سید عابد علی شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تدریسی عملہ اور طلبہ کی فلاح وبہبود کیلئے ہر ممکن کردار ادا کررہی ہے جس کیلئے مختلف منصوبے تیار کئے گئے ہیں تاہم ان منصوبوں میں سستی ہماری طرف سے نہیں بلکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن حکام کی طرف سے اکثر رہتی ہے کیونکہ ہم ان کے ماتحت ادارے ہیں۔ مجھے لگ رہا ہے کہ امتحانات سر پر ہیں اور طلبہ کی پڑھائی نامکمل ہے باامر مجبوری ہم موسم بہار کی چھٹیاں نہیں کریں گے تاکہ طلبہ اپنی پڑھائی مکمل کر سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ بنوں یونیورسٹی کئی اہم منصوبے پر عملدرآمد چاہتی ہے جو بعض عدالتوں میں زیر بحث ہونے کی وجہ سے التواء کا شکار ہیں تاہم ابھی یونیورسٹی میں واک تھرو بنائے جارہے ہیں جبکہ گاڑیاں کھڑی کرنے کیلئے بس سٹاپ کے منصوبے پر بہت جلد کام شروع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں