بنوں:گرلز ہائی سکول شہباز عظمت خیل کی لڑکیاں 2گھنٹے پرچہ کا انتظار کرتی رہی

تعلیمی بورڈ بنوں کی نااہلی یا امتحانی عملہ کی غفلت ، مقررہ وقت پورا ہونے کے بعد بھی2 گھنٹے میں امتحانی عملہ ہال نہ پہنچ سکا۔ طالبات کو 15 کلومیٹر دور شہر کی سکول میں پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔ تعلیمی بورڈ بنوں کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز سیکنڈ ٹائم 2 بجے فرسٹ ائر کیلئے عربی پرچہ ہونے کی تاریخ دی گئی جس پرطالبات اپنے مقررہ وقت سے پہلے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شہباز عظمت خیل کے امتحانی ہال پہنچیں۔ پرچہ شروع ہونے کیلئے طالبات جب امتحانی ہال میں بیٹھ گئیں تو کوئی امتحانی عملہ موجود نہیں تھا اور دو گھنٹے تک طالبات عملے کا انتظار کرتی رہی ۔مجبوراً تعلیمی بورڈ بنوں کے کنٹرولر امتحانات حیدر زمان سے رابطہ کیا گیاتو اُنہوں نے طالبات کو فوری طور پر یہاں سے 15 کلومیٹر دور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر2 بنوں سٹی پہنچنے کی ہدایت کی اور طالبات مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرتی ہوئی مذکورہ سکول پہنچی اور شام تک امتحانی پرچے پر بیٹھی رہی جس کی وجہ سے طالبات کو گھروں میں بھی پریشانیوں کا سامناکرنا پڑا ۔طالبات کے والدین نے اس غفلت کو بورڈ کے متعلقہ انتظامیہ کی نااہلی قرار دی ہے۔ صوبائی حکومت اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے اس مجرمانہ غفلت کے مرتکب امتحانی عملہ اور بورڈ انتظامیہ کے خلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں