نورڑکو ہر دور میں نظر انداز کیا گیا :شاہ محمد

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان نے نورڑ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بنوں کیلئے جو ریکارڈ ترقیاتی کام کئے۔ با الخصوص پی کے89کیلئے تین تحصیل اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور کئے ۔ماضی کے منتخب نمائندوں نے اس کے مقابلے میں آٹے میں نمک کے برابر بھی کام نہیں کئے ہیں ۔میں چلنج کرتا ہوں کہ پی کے72کیلئے جو کام وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان نے کئے ہیں اگر بنوں کے سابق وزیر اعلیٰ بھی اسکے نصف کام ثابت کردیں تو ہم سیاست چھوڑ دیں گے۔ ہمارے لئے وزیر بنوچی سب برابر ہیں اور ہم قومیت کے نام پر سیاست نہیں کرتے ۔نورڑکو ہر دور میں نظر انداز کیا گیا ہے اور تاریخ میں پہلی مرتبہ جو کام ہوئے ہیں وہ بھی ہم نے کئے ہیں جن میں سڑکیں،تعلیم،پانی وبجلی کے منصوبے شامل ہیں ۔لیکن کچھ لوگ ترقی کے اس سفر کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جسے آئندہ انتخابات میں عوام آئینہ دکھائیں گے۔
ہمیں نکلانے والے انشاء اللہ جلد خود اندر جائیں گے۔ حکومت کی اپنی میعاد پوری ہونے سے قبل میریان روڈ کو مکمل اور تحصیل میریان کا نوٹیفیکیشن جاری نہ کیا تو سیاست چھوڑ دونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نورڑ کی اہم سیاسی وسماجی شخصیت ملک میر غفور خان کی خاندان اور ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ممبرزجنید الرشید ، ضلعی جنرل سیکرٹری وحید اللہ خان، انصاف یوتھ ونگ کے شب نیاز خان ، انجینئر عابد خان ، ناظم بشیر خان نے بھی خطاب کیا۔ ملک شاہ محمد خان نے کہا کہ پانچ سال تک مخالفین نے ترقیاتی کاموں میں روڑے آٹکائے اور قومیت کے نام پر لوگوں کو اُکسایا مگر آج 2013 ء کی نسبت لوگوں کو اپنے ساتھ دوگنا دیکھ رہا ہوں جس سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نوجوانوں کو اپنا قیمتی سرمایہ سمجھتے ہیں اور پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کھیلوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے کھیلوں پر جتنا بجٹ خرچ کیا ہے تاریخ میں اسکی مثال نہیں ملتی اور صوبے بھر میں تحصیل کی سطح پر سٹیڈیم کی تعمیر کے بعد یونین کونسل کی سطح پر بھی سٹیڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں