قوم نے MMA کے حق میں فیصلہ دیدیا ، انتخابات رسمی کاروائی ہونگے: دُرانی

وفاقی وزیر ہاوسنگ اینڈ ورکس اور جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری اکرم خا ن درانی نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ عام کے انعقاد سے عام انتخابات میں کامیابی یقینی ہوگئی ہے ۔ملک کے عوام نے ایم ایم اے کے حق میں فیصلہ دیکر سیکولر اور مغربی طاقتوں کو مسترد کردیا ہے۔ جے یو آئی اور جماعت اسلامی مذہبی جماعتوں سے ملکر ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے پرآمن جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ ایم ایم اے بندوق نہیں بلکہ ووٹ کی پرچی سے نظام بدلنے پر یقین رکھتی ہے۔ ایم ایم اے کا سیلاب سرمایہ داراوں جاگیرداروں اور نواب ازم ملک ازام کو بہا لے جائیگا جبکہ عام انتخابات 2018کی صورت میں بننے والی حکومت ایک عوامی حکومت ہوگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو اور تاریخی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر اکرم خان درانی نے کہا کہ مینار پاکستان جلسے سے ملک کے تمام سیاسی اور سیکولر جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔قوم نے ایم ایم اے کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے صرف عام انتخابات میں رسمی کاروائی باقی ہے۔ ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ اور مغربی قوتوں کا راستہ روکنے کیلئے ایم ایم ڈھال ثابت ہوگا۔ کیونکہ مغرب ملک کے اندر عمران خان کی شکل میں ہمارے تہذیب پر حملہ اور ہے اور نوجوان نسل کو بے حیائی کی طرف رغب کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔تاہم جب تک مولانا فضل الرحمن کا ایک بھی سپاہی زندہ ہے ۔کسی کا باپ بھی ملک میں غیر اسلامی قانون نافذ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام چوہدرہٹ اور غلامی کی زنجیرے توڑ کر علماء کا بھرپور ساتھ دیں۔ ہمارے خیبر پختونخوا میں عوام کو تبدیلی کے جعلی نعرے پر دھوکہ دیا گیا۔ تحریک انصاف کی تبدیلی اور حکومتی کارکردگی صرف فیس بک تک محدود ہے۔ عملی طور پر کچھ نہیں۔ اُن کی ناکامی کا بڑا ثبوت یہ ہے کہ تمام محکموں کو کنسلٹنٹ کے حوالے کررکھا ہے وزیر اعلیٰ صرف نام کا ہے ۔باقی کنٹرول بنی گالہ کے پاس ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور آگیا ہے اور عام انتخابات 2018میں کرپشن کرنے والوں نام نہاد تبدیلی کے دعویداروں اور سیکولر طاقتوں کو شکست دیکر ملک بھر میں ایم ایم اے حکومت بنائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں