خاصہ داری تنخواہ مکمل خاندان کیلئے، پولیس نظام جھگڑوں کی وجہ بنے گا:FRبنوں خاصہ دار فورس

ایف آ ر بنوں احمد زئی و اتمانزئی کے خاصہ دار فورس نے فاٹا میں پولیس کی تعیناتی کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے صوبیدار شیر اکبر ، حوالدار گلا بند ، حوالدار جان محمد ، صوبیدار گوہر محمد خان و دیگر نے کہا کہ ہمیں خاصہ داری کی ملازمت 1858 میں تاج بر طانیہ سے نیکات میں ملی ہے اور اس وقت سے آ ج تک ہم اپنے مٹی کی حفاظت کی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں ۔ خاصہ داری کی تنخواہ ہمارے پورے خاندان میں برابر تقسیم ہو تی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا حکم دیا ہے اس سلسلے میں ہمیں کوئی اعتراض نہیں البتہ ساتوں ایجنسیوں میں پولیس کی تعیناتی کسی صورت نہیں مانتے۔ خاصہ داری نظام کو پرانی حیثیت پر بحال رکھا جا ئے تاکہ ہمارے نیکات کا پرانا نظام قائم رہ سکے۔
انہوں نے کہا کہ خاصہ داری نظام کو پولیس میں تبدیل کیا گیا تو جس کسی کو ملازمت ملی تو وہ خاندان کے دیگر افراد کو تنخواہ میں حصہ نہیں دے گا جس کی وجہ سے خانہ جنگی کا خدشہ ہو گا۔اُنہوں نے دھمکی دی کہ اگر پولیس کو تعینات کیا گیا تو ساتوں ایجنسیوں کے خاصہ دار عید کے بعد احتجاجی تحریک شروع کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں